ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری، وزیر اعظم کو فیصلہ نہ کرنے پر تنبیہہ

  • اپ ڈیٹ:
رضا ربانی فائل فوٹو رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کے تقرر میں روسی رولیٹی کھیلنا بند کرکے کوئی فیصلہ کرنا چاہیے۔


 رضا ربانی نے حکومت کی توجہ معاملے تاخیر کے اثرات اور غیر یقینی کی جانب دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ’غیر یقینی کی صورتحال ایک ادارے میں جمود پیدا کرتی ہے جبکہ فوجی اداروں میں جائزہ لینے کے بعد فوری اور مضبوط فیصلے کمان اور کامیابی کا جوہر ہیں‘۔

رضا ربانی نے کہا کہ علاقائی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جہاں بھارتی وزرا سرجیکل اسٹرائیکس کی دھمکیاں دے رہے ہیں، بھارتی آبدوز پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش کرتی ہے، افغانستان کی صورتحال اور وزیرستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث پاکستان، آرمی کے کمانڈ اسٹرکچر میں غیر یقینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس غیر فیصلہ کن اقدام کے نتیجے میں دیگر کمانڈ پوزیشن رکی ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سویلین اتھارٹی کا سوال ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پہلے ہی سویلین اختیارات دے چکی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ’احتساب کے بیانیے کی موت کے بعد حکومت، بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور خراب کارکردگی سے توجہ ہٹانے کے لیے سول ملٹری تعلقات کی بنیاد پر نیا بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے‘۔

install suchtv android app on google app store