وزیراعظم آفس کو نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے سمری موصول ہوگئی ہے۔
وزارت دفاع کی جانب سے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے سمری وزیراعظم آفس کو بھجوادی گئی ہے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئی تقرری کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔
وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے DG ISI کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئ تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے، ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 13, 2021
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر گفتگو ہوئی تھی۔ وزیر اعظم نے پاک فوج میں تبادلوں سے متعلق کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں اس معاملے میں ہونے والی قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دیں۔