اماراتی حکام نے پاکستانیوں کے لیے ویکسینیشن سے متعلق جاری حکم نامہ واپس لے لیا

کورونا ویکسین فائل فوٹو کورونا ویکسین

متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق سے متعلق جاری حکم نامہ واپس لے لیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری اور یو اے ای کے سفیر ابراہیم الزاہبی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی دفتر خارجہ اور سفارت خانے سے تصدیق لازمی نہیں ہے۔

یو اے ای کے سفیر کا کہنا تھا کہ فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد صرف نادرا سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔

ابراہیم الزاہبی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے لیے دفتر خارجہ اور سفارت خانے کی تصدیق لازمی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ متحدہ عرب امارات آنے کے لیے نادرا سے جاری کورونا سرٹیفکیٹ کی یو اے ای سفارت خانے سے تصدیق لازمی کرانی ہوگی۔

متحدہ عرب امارات سفارتخانہ کا کہنا تھا کہ پالیسی کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا، عام پاکستانیوں، سفارتکاروں اور اہلخانہ پر بھی سرٹیفیکٹ کی شرط لاگو ہوگی۔

خیال رہے کہ کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت کئی جنوب ایشیائی ممالک کے مسافروں پر پابندی لگا رکھی ہے۔

install suchtv android app on google app store