قرض کی ادائیگی میں تاخیرگناہ ہے، گھرکا سامان فروخت کرکے ادا کریں

  • اپ ڈیٹ:
قرض ادا کرنا ہو تو ادائیگی میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے فائل فوٹو قرض ادا کرنا ہو تو ادائیگی میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے

امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ اگر کسی کو قرض ادا کرنا ہو تو ادائیگی میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔

اگر ادائیگی کیلئے رقم نہیں تو اپنے گھر کا سامان فروخت کرکے وہ رقم ادا کریں ، قرض جس معاہدے کے تحت لیاہو اس کی پاسداری کرنی چاہئے ورنہ آخرت میں مشکل میں پڑجائیں گے۔

جو کسی کے ناحق تین پیسے دبالے گا اسے بروز قیامت سات سو باجماعت نماز ادا کرنی ہوگی او ر نماز بھی وہ جو مقبول ہوگی ،مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ کسی کا قرضہ نہ دبائیں ہر ممکن اداکرنے کی کوشش کریں جو لوگ قرض ادا نہیں کرتے تو ان کا ہر لمحہ گناہ میں گزرتا ہے۔

قرضہ بہت بڑا بوجھ ہے ہم سب کو اس سے بچنا چاہئے۔امیر اہل سنت نے مزید کہا کہ اللہ کی رحمت سے مایوسی منع ہے یعنی یہ یقین کرلیں کہ بخشش نہیں ہوگی یہ گناہ ہے البتہ یہ سوچ کر ڈرنا کہ میری بخشش ہوگی یا نہیں یہ اچھا ہے ،اللہ سے آخری سانس تک ڈرتے رہیں۔

اللہ کی رحمت سے نظر بھی نہیں ہٹانی اور مایوس بھی نہیں ہونا ہے ،اللہ تعالی کی خفیہ تدبیر پر نظر رکھنا عین ثواب کا کام ہے کہ نجانے میرے ساتھ کیا معاملہ ہو ،اس بات کا یقین کرلینا درست نہیں کہ میری تو لازمی مغفرت ہوگی یہ سوچ نیکیوں سے غافل اور گناہوں میں مشغول کرسکتی ہے۔

 سب کو ڈرنا چاہئے ،قیامت کے دن ہر ایک ہزار میں سے نو سو ننانوے مجر موں کو الگ کردیا جائے گا ،جو مجرم اور گنہگار الگ ہوجائیں گے یہ بات بہت ڈرانے والی ہے ،ہر شخص اپنے کردار کے بارے میں جانتا ہے کہ وہ کتنا اچھا اور کتنا برا ہے۔

اس کی عبادتیں کیسی ہیں، ان میں غلطیاں کتنی ہیں ،بہر حال ہمیں اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہئے،دنیا وی معاملے میں بھی مایوسی نقصان دہ ہے،اللہ تعالی پر بھروسہ رکھیں اور ہمت کریں۔
امیر اہل سنت نے کہا کہ دنیا کی تکلیف آخرت کی تکلیف کے مقابلے میں کچھ نہیں دھوکہ دینے کی سزا میں جو تکلیف قبر وحشر میں اٹھانی پڑے گی وہ ناقابل برداشت ہوگی۔

آپ دنیا کے مال کو حاصل کرنے کیلئے خیانت نہ کریں یہ مال دنیا میں چھوڑ کرچلے جائیں گے اور ورثا مال کا کیا کرتے ہیں یہ لوگ جانتے ہیں ،اگر ورثا نے اس مال کو گناہ میں استعمال کیا تو قبر میں آپ کیلئے مزید آزمائش ہوگی ،اللہ کریم ہمارے حال پر رحم فرمائے۔

install suchtv android app on google app store