کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں ہونے والے خود کش حملے میں پولیس اہلکار اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ 22 پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق خود کش دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑیاں بھی زد میں آگئی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت عام شہری بھی زخمی ہوئے، دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل کو موقع پر طلب کر لیا گیا ہے، جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ بلیلی دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک بچہ جاں بحق ہوا جبکہ 22 پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ خود کش حملے میں 20 سے 25 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، پولیس اہلکار ٹرک پر پولیو ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے۔