ڈریپ کا اہم اقدام، ڈاکٹروں کو ادویات کے برانڈ کے ناموں کے بجائے کیمیائی نام تجویز کرنے کی ہدایت

ادویات فائل فوٹو ادویات

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے صوبوں کے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹر اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ادویات کے برانڈ کے ناموں کے بجائے کیمیائی نام تجویز کریں۔

ڈریپ کے ایک خط میں ملک بھر کے محکمہ صحت کو مخاطب کرتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں شہریوں نے سرکاری اور نجی شعبے میں ڈاکٹروں کی جانب سے کمپنی سے اثر انداز ہوکر ادویات کے برانڈ پر مبنی نسخوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اس طرز عمل سے ملک کے معاشی بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے اور مہنگے برانڈز کی وجہ سے مریضوں پر مالی بوجھ بھی پڑتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس طرح کا اقدام میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز کے ضابطہ اخلاق کے بھی خلاف ہے'۔

اتھارٹی نے مزید کہا کہ 'لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے کیمائی ناموں پر مشتمل نسخوں کو فروغ دینے کے لیے ضروری اقدامات کریں اور مریضوں اور ملک کے مفاد میں برانڈ کے نام کے نسخے کے عمل کی حوصلہ شکنی کریں'۔

واضح رہے کہ ایک ہی فارمولے کی ادویات اصل قیمت سے 10 گنا زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔

install suchtv android app on google app store