کورونا وائرس کی دوسری لہر نے مزید 20 افراد کی جان لے لی

کورونا وائرس کی دوسری لہر فائل فوٹو کورونا وائرس کی دوسری لہر

ملک میں کوروناوائرس کے باعث مزید 20 افراد انتقال کرگئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے مطابق 20 نئی اموات کے بعد کورونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 943 ہوگئی ہے۔

24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 502 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 41 ہزار 753 ہوگئی ہے جب کہ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3لاکھ 17 ہزار 898 ہو چکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 34 ہزار 400 ٹیسٹ کیے گئے تھے اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4.36 فیصد ریکارڈکی گئی ہے۔

سندھ میں کورونا سے اب تک 2 ہزار 667 اموات ہوچکی ہیں جب کہ 24گھنٹوں کے دوران 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

پنجاب میں 2 ہزار 399 اموات ہوچکی ہیں جن میں سے 9 افراد گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران جاں بحق ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں 1ہزار 288 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور یہاں 24گھنٹوں کے دوران1 مریض کا انتقال ہوا ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے کل 236 اموات ہوچکی ہے جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 مریض وفات پاچکے ہیں۔

بلوچستان میں 153 اموات ہوچکی ہیں اور 24گھنٹوں کے دوران یہاں بھی ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔

گلگت بلتستان میں 93 اموات ہوئی ہیں اورگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایک مریض جاں بحق ہوا ہے جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس اب تک107افراد کی جان لے چکا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے روک تھام کیلئے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021 تک پابندی عائد کردی ہے۔

کورونا کی روک تھام کے ادارے نے سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا اور باقی گھر سے کام کریں گے۔

این سی او سی کے مطابق حکمت عملی کے تحت گلگت بلتستان ماڈل کو اپناتے ہوئے ماسک کا استعمال نہ کرنے پر 100 روپیہ جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store