پھل صحت بخش غذا ہونے کے ساتھ ساتھ جلد کی خوبصورتی کے لیے بھی نہایت مفید ہوتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض اوقات پھلوں کے چھلکوں میں خود پھل سے بھی زیادہ غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔
زیادہ تر لوگ پھل کھانے کے بعد ان کے چھلکوں کو بے کار سمجھ کر پھینک دیتے ہیں، حالانکہ یہی چھلکے جلد کے داغ دھبوں کو کم کرنے، رنگت نکھارنے اور چہرے کو قدرتی چمک دینے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
ذیل میں ایسے 5 پھلوں کے چھلکوں کا ذکر کیا جا رہا ہے جو جلد کے لیے انتہائی مفید سمجھے جاتے ہیں۔
نارنگی کا چھلکا
نارنگی کے چھلکے میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جلد کی رنگت نکھارنے اور سیاہ دھبے کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ جلد میں کولیجن کی پیداوار بڑھا کر چہرے کو جوان بناتا ہے۔
استعمال کا طریقہ:
نارنگی کے چھلکوں کو دھوپ میں خشک کر کے پاؤڈر بنا لیں اور اسے دہی یا شہد میں ملا کر چہرے پر لگائیں۔ 15 سے 20 منٹ بعد دھو لیں۔
لیموں کا چھلکا
لیموں کے چھلکے میں سائٹرک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو جلد کی رنگت صاف کرنے اور اضافی تیل کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ قدرتی بلیچ کا کام بھی کرتا ہے۔
استعمال کا طریقہ:
خشک لیموں کے چھلکے کو چینی اور زیتون کے تیل کے ساتھ ملا کر اسکرب بنائیں اور چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں۔
پپیتے کا چھلکا
پپیتا کے چھلکے میں پاپین (Papain) انزائم پایا جاتا ہے جو جلد کی مردہ تہہ کو صاف کر کے اسے نرم اور ہموار بناتا ہے۔
استعمال کا طریقہ:
پپیتے کے چھلکے کا پیسٹ بنا کر چہرے پر لگائیں اور 15 سے 20 منٹ بعد دھو لیں۔
کیلے کا چھلکا
کیلا کے چھلکے میں اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور معدنیات موجود ہوتے ہیں جو جلد کو نمی فراہم کرتے اور سوزش کم کرتے ہیں۔
استعمال کا طریقہ:
کیلے کے چھلکے کی اندرونی سطح کو چند منٹ تک چہرے پر رگڑیں اور 15 سے 20 منٹ بعد چہرہ دھو لیں۔
سیب کا چھلکا
سیب کے چھلکے میں اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی موجود ہوتے ہیں جو جلد کو فری ریڈیکلز سے محفوظ رکھتے اور اسے جوان دکھانے میں مدد دیتے ہیں۔
استعمال کا طریقہ:
سیب کے چھلکوں کو پانی میں ابال کر ٹھنڈا کریں اور اس پانی کو ٹونر کے طور پر روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔