محکمہ صحت کے نئے احکامات، سینئر ڈاکٹرز کی چھٹیوں کا اختیار واپس

محکمہ صحت پنجاب نے چھٹیوں سے متعلق نئے احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت سینئر ڈاکٹرز کو چھٹی دینے کا اختیار اسپتال انتظامیہ سے واپس لے لیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ٹیچنگ اسپتالوں اور دیگر طبی اداروں کی انتظامیہ اب صرف گریڈ 17 تک کے ملازمین کی 89 دن تک کی رخصت منظور کر سکے گی۔

کن ملازمین کی چھٹی اب محکمہ صحت منظور کرے گا؟

سینئر رجسٹرار سے لے کر پروفیسرز تک کی چھٹیوں کی منظوری اب محکمہ صحت کے افسران دیں گے۔

گریڈ 18 سے 20 کے جنرل کیڈر ڈاکٹرز کی ہر قسم کی رخصت بھی محکمہ صحت ہی منظور کرے گا۔

میٹرنٹی اور عدت کی چھٹی کا اختیار برقرار

خواتین ڈاکٹرز اور ملازمین کی میٹرنٹی اور عدت کی چھٹی کی منظوری کا اختیار بدستور اسپتالوں کے پاس رہے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تمام ڈاکٹرز اور سرکاری ملازمین کی 89 دن تک کی رخصت کی منظوری کا اختیار اسپتالوں کے سربراہان کے پاس تھا، تاہم نئے احکامات کے بعد سینئر کیڈر کی چھٹیوں کا فیصلہ براہِ راست محکمہ صحت کرے گا۔

یہ اقدام انتظامی نظم و ضبط اور رخصتوں کے مرکزی کنٹرول کے لیے کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store