عمر میں اضافے کے ساتھ خود کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو ماہرین کے مطابق یہ کام مشکل نہیں۔ روزمرہ زندگی میں صرف تین آسان عادات شامل کرکے نہ صرف صحت بہتر بنائی جاسکتی ہے بلکہ زندگی کی مدت میں بھی اضافہ ممکن ہے۔
آسٹریلیا کی معروف درسگاہ یونیورسٹی آف سڈنی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند، ورزش اور غذا میں معمولی بہتری بھی طویل المدتی صحت پر نمایاں اثرات مرتب کرتی ہے۔
تحقیق میں کیا سامنے آیا؟
تحقیق کے لیے 60 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور آٹھ سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران نیند کے دورانیے، جسمانی سرگرمیوں اور غذائی عادات کا ریکارڈ رکھا گیا۔
نتائج کے مطابق:
-
روزانہ نیند میں 5 منٹ اضافہ
-
معتدل یا سخت جسمانی سرگرمی میں 2 منٹ اضافہ
-
چند اضافی چمچ سبزیوں کا استعمال
ان چھوٹی تبدیلیوں سے اوسط عمر میں تقریباً ایک سال اضافہ ممکن ہے۔
اسی طرح اگر کوئی فرد:
-
روزانہ 24 منٹ اضافی نیند لے
-
4 منٹ اضافی ورزش کرے
-
ایک کپ سبزیاں اور سالم اناج کھائے
تو زندگی کی مدت میں تقریباً 4 سال اضافہ ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اگر کوئی فرد روزانہ 7 سے 8 گھنٹے نیند لے، 40 منٹ سے زائد ورزش کرے اور متوازن غذا کو معمول بنائے تو صحت مند زندگی میں 9 سال تک اضافہ ممکن ہے۔
کن بیماریوں سے تحفظ؟
ماہرین کے مطابق ان عادات کو اپنانے سے پھیپھڑوں کے امراض، ڈیمینشیا، امراضِ قلب، کینسر اور ٹائپ ٹو ذیابیطس جیسے دائمی امراض سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اصل راز بڑی تبدیلیوں میں نہیں بلکہ روزمرہ معمول میں چھوٹے مگر مستقل اقدامات میں پوشیدہ ہے۔