بچپن میں کہانیوں میں شاید آپ نے ایسے جادوئی آئینے کے بارے میں پڑھا ہو جو مستقبل کے بارے میں بتاتا ہے۔ ایسا اب کسی حد تک ممکن ہوگیا ہے کم از کم آپ کی صحت کے مستقبل کے بارے میں بتانے والا آئینہ تیار کیا گیا ہے۔
ایک ڈیجیٹل ہیلتھ ٹیکنالوجی کمپنی نیورالوجکس نےلونگیویٹی مرر نامی ڈیوائس تیار کی ہے۔
اس آئینے کو ایک سیلفی فراہم کریں اور پھر یہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے آپ کی صحت کا تجزیہ کرے گا اور مستقبل کی صحت کے بارے میں ڈیٹا فراہم کرے گا۔
یہ سب عمل محض 30 سیکنڈز میں مکمل ہو جائے گا۔
اس آئینے کو لاس ویگاس میں جاری کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر پیش کیا گیا اور کمپنی کے مطابق اس سے لوگوں کو طویل المعیاد بنیادوں پر اپنی صحت کا خیال رکھنے میں مدد ملے گی۔
یہ آئینہ عام فروخت کے لیے بھی پیش کیا جا رہا ہے اور اس میں ٹرانسڈرمل آپٹیکل امیجنگ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی صحت سے متعلق علامات کو جانچتی ہے۔
ایک سیلفی ویڈیوکو استعمال کرکے یہ ٹیکنالوجی چہرے پر خون کے بہاؤ کا تجزیہ کرتی ہے اور 30 سیکنڈز میں نتائج صارف کے پاس ہوتے ہیں۔
یہ آئینہ دل، میٹابولزم، دماغی تناؤ اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیتا ہے اور پھر ہر پہلو سے متعلق 0 سے 100 تک اسکور دیتا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ مستقبل میں آپ کی صحت کیسی ہوسکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق اے آئی ماڈلز کو لاکھوں مریضوں کے ڈیٹا سے تربیت فراہم کی گئی ہے اور 20 سال آگے کے طبی خطرات کی پیشگوئی کرسکتے ہیں۔
ایک آئینے میں 6 پروفائلز بنانا ممکن ہے جو کہ ایک خاندان کے لیے کافی ہے۔
اس کی قیمت 900 ڈالرز رکھی گئی ہے اور یہ آئندہ چند ماہ میں دستیاب ہوگا۔