غلط نمبر کے چشمے سے آنکھوں پر پڑنے والے مضر اثرات کیا ہیں، جانیے

غلط نمبر کے چشمے سے آنکھوں پر پڑنے والے مضر اثرات کیا ہیں، جانیے فائل فوٹو غلط نمبر کے چشمے سے آنکھوں پر پڑنے والے مضر اثرات کیا ہیں، جانیے

بچے ہو یا بڑے بہتر بصارت ان کی علمی اور سیکھنے کی صلاحیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اگر کسی وجہ سے بینائی کمزور ہونے لگے تو ایسی صورت میں ڈاکٹر عموماً چشمہ (عینک) تجویز کرتے ہیں۔

اگرکسی کی قریب یا دور کی نظر کمزور ہوتو ضروری ہے کہ دُرست نمبر کی عینک استعمال کی جائے تاکہ تعلیم اورروز مرہ کام بہتر انداز میں انجام دیے جاسکے۔

جب لوگ اپنی بینائی کے مطابق عینک استعمال نہیں کرتے، تو ایسی صورت میں انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

غلط چشمہ لگانے بینائی پر پڑنے والے اثرات

کسی شخص یا چیز کو واضح طور پر دیکھنے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں آنکھیں ایک ساتھ صحیح طور پر کام کریں اور ان کی بینائی قریباً برابر ہو۔ اگر ایک یا دونوں آنکھوں پر غلط نمبر کا چشمہ لگایا جائے تو یہ بینائی کو متاثر کر سکتا ہے اور دونوں آنکھوں کے صحیح طور پر کام کرنے کا عمل بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

ماہرین امراضِ چشم کا کہنا ہے کہ اس کے نتیجے میں افراد یا اشیا کو پہچاننے میں غلطی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، آنکھوں پر مسلسل دباؤ، سر درد، آنکھوں کی تھکن، ارتکاز میں کمی، کام میں رکاوٹ اور چڑچڑاپن جیسے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

وقت کے ساتھ، اگر کوئی شخص غلط نمبر کا چشمہ استعمال کرتا رہے تو اس کی بینائی مزید خراب ہو سکتی ہے۔ اگرچہ عینک خود بینائی کو براہِ راست خراب نہیں کرتی، مگر آنکھوں پر مسلسل دباؤ بینائی میں تیزی سے کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

آنکھوں کی تھکن
غلط نمبر کا چشمہ آنکھوں کو توجہ مرکوز کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنے پر مجبور کرتا ہے، جس سے تھکاوٹ اور تکلیف محسوس ہوتی ہے۔

سر درد
اگر آپ غلط نمبر کا چشمہ زیادہ عرصے تک استعمال کرتے ہیں، تو آنکھوں کے پٹھوں پر مسلسل تناؤ کی وجہ سے سر درد کی شکایت ہو سکتی ہے۔

دھندلا دیکھنا
غلط نمبر کی عینک لگانے سے آپ کو چیزوں یا افراد کو صاف طور پر دیکھنے میں دشواری ہو سکتی ہے، اور آپ کو دھندلا دکھائی دے سکتا ہے۔

چکر آنا
غلط نمبر کا چشمہ استعمال کرنے سے بعض افراد کو سر میں چکر آنے اور عدم توازن کا احساس ہو سکتا ہے۔

غلط نمبر کا چشمہ کیسے پہچانیں؟

اگر کسی شخص نے کمزور نظر کے بعد غلط نمبر کا چشمہ لگا رکھا ہے، تو وہ کسی چیز پر توجہ مرکوز کرنے میں مشکل محسوس کرے گا۔ اس کے علاوہ، جب آپ کسی چیز یا شخص کو دیکھنے کی کوشش کریں گے تو آپ کی دونوں آنکھیں یا ایک آنکھ بار بار جزوی طور پر بند ہو سکتی ہے۔

غلط نمبر کی عینک کے استعمال سے آپ کو باقاعدگی سے سر درد کی شکایت ہو سکتی ہے اور رات کو دیکھنے میں بھی مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

اس لیے اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا چشمہ آپ کی بینائی کے مطابق نہیں ہے، تو بہتر ہے کہ آپ فوری طور پر ماہرِ چشم سے مشورہ کرکے درست نمبر کا چشمہ حاصل کریں تاکہ بینائی سے جڑے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔ 

install suchtv android app on google app store