انگلیاں چٹخانہ کس بیماری کی طرف اشارہ ہے؟ جانیے

کیا انگلیاں چٹخانے سے بیماری لاحق ہو سکتی ہے؟ فائل فوٹو کیا انگلیاں چٹخانے سے بیماری لاحق ہو سکتی ہے؟

اکثر افراد یہ سوال کرتے ہیں کہ کیا انگلیاں چٹخانے سے بیماری لاحق ہو سکتی ہے؟ ایک اندازے کے مطابق 54 فیصد لوگ انگلیاں چٹخانے کی عادت رکھتے ہیں، جن میں سے بیشتر یہ عمل غیر ارادی طور پر کرتے ہیں۔

مانچسٹر یونیورسٹی کی طبی ماہر کِم ہائریچ کے مطابق، انگلیوں کے جوڑوں میں ایک خلا ہوتا ہے جس میں مخصوص سیال موجود ہوتا ہے۔

جب انگلیاں چٹخائی جاتی ہیں تو یہ خلا عارضی طور پر بڑھ جاتا ہے، جس سے دباؤ کم ہو جاتا ہے اور سیال میں موجود گیس بلبلوں کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔

جب یہ بلبلے پھٹتے ہیں تو چٹخنے کی آواز سنائی دیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق، یہ عادت جوڑوں کی عام بیماری آسٹیو آرتھرائٹس کے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔

اس تکلیف دہ عارضے کے دوران جوڑ سوج اور اکڑ جاتے ہیں اور عمر میں اضافے کے ساتھ اس کا خطرہ بڑھتا ہے۔

کِم ہائریچ  کے مطابق ابھی تک ہم اس عارضے سے متاثر ہونے کے عمل کو مکمل طور پر سمجھ نہیں سکے مگر جینز اس حوالے اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ جوڑوں کو لگنے والی چوٹ کو بھی خطرہ بڑھانے والا عنصر سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے لوگوں کو لگتا ہے کہ انگلیاں چٹخانے سے جوڑوں کو انجری کا سامنا ہوسکتا ہے یا یوں انہیں لگتا ہے کہ وہ اپنے جوڑوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مگر کیا واقعی اس سے کوئی نقصان پہنچتا ہے؟ تو کِم ہائریچ کے مطابق شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ ایسا نہیں ہوتا۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیق میں جوڑوں کے امراض کے شکار افراد اور صحت مند افراد کا موازنہ کیا گیا اور کوئی فرق دریافت نہیں ہوا۔

یعنی انگلیاں چٹخانے یا نہ چٹخانے سے جوڑوں کے مسائل کے خطرے میں کوئی کمی بیشی نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سب سے بڑی مثال ایک امریکی ڈاکٹر کی ہے جس نے اپنی ماں کو غلط ثابت کرنے کے لیے 60 سال سے زائد عرصے تک روزانہ صرف ایک ہاتھ کی انگلیوں کو چٹخایا۔

آخرکار جب دونوں ہاتھوں کا تجزیہ کیا گیا تو دونوں میں جوڑوں کے امراض کے کوئی آثار دریافت نہیں ہوئے۔

کِم ہائریچ  نے بتایا کہ اگر آپ کے جوڑوں کے قریب کوئی ہڈی ٹوٹ جائے یا رگوں کو نقصان پہنچے تو پھر جوڑوں کے امراض کا سامنا ہوسکتا ہے، مگر انگلیاں چٹخانے سے ایسا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جوڑوں کے امراض سے بچنے کے لیے صحت مند طرز زندگی کو اپنائیں، جسمانی طور پر متحرک رہیں اور صحت مند جسمانی وزن کو برقرار رکھیں۔

install suchtv android app on google app store