جناح ہسپتال کراچی میں 34 سالہ شخص کے پتے کے روبوٹک آپریشن میں 14 ماہرین نے حصہ لیا،اس آپریشن کا دورانیہ 25 منٹ ہر محیط تھا۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کی تاریخ میں پہلی بار روبوٹک سرجری کا آغاز کر دیا گیا، پہلی سرجری 34 سالہ شخص کی کی گئی، آپریشن میں اسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول سمیت 14 ماہرین شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر جناح اسپتال پروفیسر شاہد رسول کے مطابق پہلے مریض کے پتے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، روبوٹک مشین کے ذریعے 25 منٹ میں یہ آپریشن کیا گیا۔ پروفیسر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ آج سے روزانہ کی بنیادوں پر 2 سے زائد آپریشن ہوں گے، اسپتال کے یورولوجی اور گائنی سمیت دیگر وارڈوں کے ضرورت مند مریضوں کا مفت آپریشن جاری رہے گا۔
انھوں نے بتایا کہ روبوٹک سرجری کے لیے کسی بھی ایک مریض پر لاکھوں روپے کے اخراجات آتے ہیں، تاہم جناح اسپتال میں مفت کی جانے والی روبوٹک سرجری کے نتیجے میں تمام مستحق مریضوں کو یہ سہولت مفت حاصل ہوگی۔ جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق 12 سے 14 رکنی ماہرین کی ٹیم جناح اسپتال کے پاس موجود ہے، جو سرجری کا وسیع تر تجربہ رکھتی ہے۔