فرحان سعید کا میوزک کس نے کیا چوری؟ دیکھیئے اس خبر میں

پاکستان کے نامور گلوکار اور اداکار فرحان سعید فائل فوٹو پاکستان کے نامور گلوکار اور اداکار فرحان سعید

پاکستان کے نامور گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے بولی وڈ کمپوزر سلیم مرچنٹ پر ان کے گانے کی موسیقی چرانے کا الزام لگا دیا۔

فرحان سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلیم مرچنٹ کو ان کے گانے کی موسیقی کی نقل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

پاکستانی گلوکار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'کسی نے مجھے سلیم مرچنٹ کا گانا 'ہاریا' بھیجا جو بالکل میرے گانے 'روئیاں' کی نقل ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ آخر لوگ اتنی بےباکی سے کسی کا کام چوری کرکے خود کو کیسے آرٹسٹ کہتے ہیں'۔

 

گلوکار نے مزید لکھا کہ 'کرنا ہی ہے تو پوچھ کر کرو اور اگر پوچھنا نہیں ہے تو کم از کم اچھا تو کرو'۔

بعدازاں سلیم مرچنٹ نے خود پر ہوئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ صرف ایک اتفاق ہے۔ بھارتی موسیقار کا کہنا تھا کہ 'فرحان میں نے آپ کا گانا سنا، یہ صرف ایک اتفاق ہے کہ میرے گانے ہاریا کا میوزک آپ کے گانے سے مل رہا ہے، ایمانداری سے بات کروں تو میں نے کبھی یہ گانا سنا بھی نہیں، ایسا کئی بار ہوتا ہے کہ موسیقی ملتی جلتی لگتی ہے، سلیمان اور میرا ریکارڈ ہے کہ ہم نے کبھی نقل نہیں کی'۔

جس کے بعد فرحان سعید نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'اگر آپ کہتے ہیں تو ہوگا، لیکن ایک اور اتفاق یہ ہے کہ ہمارے گیت نگار بھی ایک ہیں'۔

 اس پر سلیم مرچنٹ نے لکھا کہ 'آپ ان سے پھر کیوں نہیں پوچھتے؟ اگر مجھے نقل کرنی ہی ہوتی تو میں اپنے کیریئر میں بہت پہلے کرچکا ہوتا، کاش میں اپنا گانا بنانے سے قبل آپ کا گانا سن لیتا، پھر اپنے گانے میں ضرور تبدیلی کرتا تاکہ اس کی کمپوزیشن آپ کے گانے سے الگ لگے، امید ہے آپ سمجھیں گے'۔

واضح رہے کہ فرحان سعید کا گانا روئیاں 2014 میں ریلیز ہوا تھا جس کے گیت نگار کمار تھے۔ جبکہ سلیم مرچنٹ کا گانا ہاریا رواں ماہ ہی سامنے آیا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store