پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بالی ووڈ سے متعلق ایک دلچسپ یاد تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم کے مشہور گانے ’’دردِ ڈسکو‘‘ کے لیے منتخب کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں علی ظفر نے بتایا کہ ان کا گانا ’’سن رے سجنیا‘‘ سننے کے بعد شاہ رخ خان نے ان کے فن کو بے حد سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ وہ ان کی فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ کا مقبول گانا ’’دردِ ڈسکو‘‘ اپنی آواز میں ریکارڈ کریں۔
علی ظفر کے مطابق یہ پیشکش براہِ راست شاہ رخ خان کی جانب سے آئی تھی، جو ان کے لیے ایک بڑا اعزاز تھا۔
علی ظفر نے کہا کہ وہ خود بھی اس موقع کو لے کر پرجوش تھے اور چاہتے تھے کہ وہ اس بڑے پروجیکٹ کا حصہ بنیں۔
خاص طور پر اس گانے کی وجہ سے جو فلم میں شاہ رخ خان کے مشہور سکس پیک انداز کے باعث غیر معمولی شہرت اختیار کر گیا تھا۔
تاہم انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ بھارت میں موجود نہیں تھے، اور شیڈول کے مسائل کے باعث یہ موقع ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ یوں یہ یادگار گانا بالآخر سکھویندر سنگھ کی آواز میں ریکارڈ ہوا۔
واضح رہے کہ ’’دردِ ڈسکو‘‘ 2007 کی سپرہٹ فلم ’اوم شانتی اوم‘ کا حصہ تھا، جس کی موسیقی وشال شیکھر نے ترتیب دی تھی۔
یہ فلم نہ صرف باکس آفس پر کامیاب رہی بلکہ اس کے گانے بھی شائقین میں بے حد مقبول ہوئے۔