سوشل میڈیا صارفین نے نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کو پاکستانی اداکار جنید خان اور ارسلان نصیر کا ہمشکل قرار دے دیا۔
ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار ظہران ممدانی نیو یارک کے میئر کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر بننے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں.
جس کے بعد سے ظہران ممدانی کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہیں ۔
حال ہی میں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے ظہران ممدانی کی پاکستانی اداکار جنید خان اور ارسلان نصیر میں مشابہت ڈھونڈ نکالی۔
صارفین نے ظہران ممدانی کی تصاویر جنید خان کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہیں انہیں جنید خان کا ہمشکل تو کہیں جنید خان کی کاربن کاپی قراردیا۔
جنید خان نے ان وائرل تصاویر اور تبصروں کا اسکرین شاٹ اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ امید ہے کہ اگلی مرتبہ نیویارک میں کچھ وی آئی پی ٹریٹمنٹ ملے گی‘۔
دوسری جانب ارسلان نصیر بھی اپنی ظہران ممدانی سے مماثلت پر خاموش نہ رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’ہاں، یہ سچ ہے، وہ میرا کزن ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مبارک ہو، پاکستان، اب ہمارا ایک دور کا کزن بطور نیویارک میئر منتخب ہوگیاہے‘۔