پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرار الحق نے اداکارہ مشی خان کی تنقید پر اپنے ردِعمل کا اظہار کردیا۔
گلوکار ابرار الحق نے کچھ عرصے پہلے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں انہیں بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کیساتھ فلم کی پیشکش ہوئی تھی تاہم آزادی اظہار رائے نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے فلم مسترد کردی اور کنٹریکٹ سائن نہیں کیا۔
جس کے بعد مشی خان نے ابرار الحق کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے ابھی ایک خبر سنی کہ ابرار الحق کو کترینہ کیف کے ساتھ فلم آفر ہوئی اور انہوں نے منع کردیا، میری نظر میں یہ سال کا بہترین لطیفہ ہی ہوسکتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ابرار الحق صاحب آپ کو یہ فلم کس سن میں آفر ہوئی تھی اور آپ تب کیوں نہیں بولے اتنی دیر بعد اس بارے میں بات کرنے کا خیال کیوں آیا؟
اب حال ہی میں ابرار الحق نے مشی خان کی اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے گزشتہ برسوں میں بھارت سے فلموں کےعلاوہ کئی بار کنسرٹس کرنے کی بھی پیشکش موصول ہوئی ہے لیکن میں انکار کردیتا ہوں کیونکہ میرے اپنے کچھ اصول ہیں جس پر میں کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔
اُنہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کے لیے بالی ووڈ فلم کی پیشکش ہونا بہت بڑی بات ہوتی ہے ممکن ہے ایسے لوگوں کو اگر کبھی کسی بالی ووڈ فلم کی پیشکش موصول ہو تو وہ خوشی سے ہی مر جائیں لیکن میرے لیے بالی ووڈ فلم کی پیشکش ہونا کوئی بڑی بات نہیں ہے بلکہ میری لیے بڑی کامیابی انسانیت خدمت کے قابل ہونا ہے۔
ابرار الحق نے کہا کہ میں پاکستان میں شادیوں میں نہیں گاتا کیونکہ میں نے اپنی والدہ سے وعدہ کیا تھا کہ میں ایسا کبھی نہیں کروں گا کیونکہ یہ ہماری روایات کے خلاف ہے۔
اُنہوں نے مشی خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ ان چیزوں سے بالاتر ہوکر سوچیں اور اپنی اقدار و انسانیت کو ترجیح دیں۔
ابرارالحق نے مزید کہا کہ اپنے لوگوں کو اس طرح بے عزت نہ کریں کیونکہ جب بھی آپ اپنے لوگوں کو بے عزت کرتے ہیں تو ساتھ آپ کی خود کی بھی بے عزتی ہوتی ہے۔