حال ہی میں اداکارہ ثنا جاوید اور کرکٹر شعیب ملک کی شادی پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو ان کی شادی پر جھٹکا اس لیے لگا کیونکہ کسی کو اس کا اندازہ نہیں تھا۔
حال ہی میں احسن خان نے نجی ٹی وی کے رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جہاں نادیہ خان نے احسن خان سے ثنا اور شعیب کی شادی سے متعلق کئی سوالات کیے۔
میزبان نادیہ خان نے احسن خان سے سوال کیا کہ ’ثنا جاوید اور شعیب ملک کی شادی کیسے ہوئی؟‘۔
جس پر احسن خان نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی کہ ثنا جاوید نے شعیب ملک سے شادی کرلی، اگر وہ اپنی پچھلی شادی میں خوش نہیں تھی تو انہوں نے طلاق لے کر شادی کرلی، یہ ان کا اپنا نجی فیصلہ ہے۔
جس پر نادیہ خان نے احسن خان کی بات ٹوکتے ہوئے کہا کہ ’دونوں بالکل مختلف پیشوں سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے بالکل نہیں لگتا کہ دونوں شادی کرسکتے ہیں‘۔
جس پر احسن خان نے کہا کہ ایسا صرف ہم لوگوں کے ذہنوں میں ہے لیکن اللہ نے جسے ملوانا ہوتا ہے تو دو لوگ آپس میں کسی نہ کسی طرح مل جاتے ہیں۔
نادیہ خان نے احسن خان سے کہا کہ چونکہ وہ ثنا جاوید کے ساتھ کافی عرصے سے کام کرتے رہے ہیں تو اس دوران کیا ثنا جاوید نے شعیب ملک کے ساتھ پسندیدگی یا شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا؟
جس پر احسن خان نے کہا کہ وہ اور ثنا جاوید 7 سے 8 ماہ تک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف رہے، اس دوران اگر ثنا نے ان سے نجی باتیں شئیر بھی کی ہوں تو وہ ان کی دوستی میں ایسی کوئی بات شئیر نہیں کرسکتے۔
احسن خان نے کہا کہ لوگوں کو ثنا اور شعیب کی شادی پر جھٹکا لگا ہے، کیونکہ انہیں اس بات کا بالکل اندازہ نہیں تھا، ورنہ اگر کوئی شخص شادی کرکے خوش ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے، نکاح سے بہتر کیا اچھی بات ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید نے 20 جنوری کو انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی۔
شعیب ملک کی پہلی شادی 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا جب کہ ثنا جاوید کی پہلی شادی گلوکار عمیر جسوال سے 2020 میں ہوئی تھی۔
دونوں کی شادی خبریں سامنے آتے ہی ان پر تنقید کی گئی اور یہ دعوے کیے گئے کہ ان کے درمیان کافی عرصے سے تعلقات تھے۔