مہوش حیات نے ڈراموں سے دوری کی وجہ بتادی

  • اپ ڈیٹ:
مہوش حیات فائل فوٹو مہوش حیات

معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ وہ رواں برس کے اختتام پر 7 سال بعد چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے آنے والے ڈرامے سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

مہوش حیات حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں ڈراموں سے دوری پر کھل کر بات کی اور ساتھ ہی اپنے فلمی کیریئر کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران ڈراما انڈسٹری سے دوری پر بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ ان کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا اور اب رواں سال کے اختتام تک ان کا ڈراما نشر ہونے کا امکان ہے۔

ان کے مطابق وہ سات سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کریں گی اور وہ اس لیے ڈراموں سے دور رہیں، کیوں کہ اچھے اسکرپٹ نہیں لکھے جا رہے تھے۔

مہوش حیات نے پاکستانی ڈراموں کے اسکرپٹ اور مواد پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جن کرداروں کی پیش کش ہو رہی تھی، وہ اتنے زیادہ اچھے نہیں تھے، اس لیے وہ چھوٹی اسکرین سے دور رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں بھی انہوں نے منتخب کرداروں میں کام کیا، انہوں نے خود مختار خاتون، بہادر اور نڈر لڑکی کے کردار کیے، تاہم انہوں نے بعض بیچاری اور مظلوم خاتون کے رول بھی کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈراموں میں ایک ہی طرح کے کرداروں کو بار بار نہیں کرنا چاہتیں، اس لیے بھی وہ ڈراموں سے دور رہیں لیکن اب 7 سال بعد وہ جلد ہی چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا ڈراما کس موضوع پر ہے اور ان کے ساتھ اور کون دکھائی دے گا۔

مہوش حیات کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا، جس کے بعد انہیں صرف فلموں میں دیکھا گیا اور ان کی متعدد فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں، تاہم اب انہوں نے چھوٹی اسکرین پر واپسی کا عندیہ دیا ہے۔

ڈراموں میں ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا اور اپنی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس وقت مہوش حیات نے گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی کی اور کوک اسٹوڈیو میں انہوں نے آواز کا جادو بھی جگایا۔

تاہم بعد ازاں انہوں نے خود کو چھوٹی اسکرین سے دور کرنے سمیت موسیقی سے بھی دور کردیا اور وہ فلموں تک محدود رہیں۔

 

 

install suchtv android app on google app store