مہوش حیات نے برطانیہ میں پروڈکشن ہاؤس کھول لیا

مہوش حیات فائل فوٹو مہوش حیات

پاکستانی خوبرو اداکارہ مہوش حیات نے ’پنک لاما فلمز‘ کے نام سے برطانیہ میں اپنا پروڈکشن ہاؤس کھول لیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  مہوش حیات نے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔

مہوش حیات نے اپنے مداحوں کو جوشیلے انداز میں مخاطب کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں آپ کو ایک ایسی چیز سے متعارف کرانے کے لیے بہت پُرجوش ہوں جس پر میں گزشتہ کچھ عرصے سے کام کر رہی تھی۔

مہوش حیات کا بتانا ہے کہ انہوں نے مغربی میڈیا پر مسلمانوں اور پاکستانیوں کی نمائندگی کے بارے میں کافی بات کی ہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اُن پر یہ واضح ہو گیا ہے کہ صرف بات کرنا ہی کافی نہیں ہے ، اگر ہم ان تصورات کو بدلنا چاہتے ہیں تو ہمیں معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینا ہوگا۔

اُن کا اپنی پوسٹ میں لکھنا ہے کہ اسی لیے انہوں نے برطانیہ میں ’پنک لاما فلمز‘ کمپنی لانچ کی ہے، اُنہیں یقین ہے کہ یہ بیانیہ تشکیل دینے کا واحد طریقہ ہے کہ ہم مسلمان کون ہیں اور ہم کس کے لیے کھڑے ہیں۔

اداکارہ کا اپنی پوسٹ میں مزید کہنا تھا کہ اُنہیں حال ہی میں مس مارول سیریز میں اداکاری کرنے کا موقع ملا تھا، اس تجربے نے اُن کے یقین کو مضبوط کیا کہ نمائندگی واقعی کتنی اہم ہے۔

مہوش حیات نے مزید بتایا ہے کہ پنک لاما فلمز میں وہ اور اُن کے پارٹنرز ایسا مواد تیار کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو تصدیق شدہ، فکر انگیز اور دل کو چھو لینے والا ہوگا، اُنہیں امید ہے کہ ایسا کرنے سے ہم دقیانوسی تصورات کو توڑ سکتے ہیں اور دنیا میں زیادہ معلومات کو فروغ دے سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پہلے سے ہی ملنے والے ردِ عمل پر بہت خوشی ہوئی ہے اور مجھے بہت سے ایوارڈ یافتہ شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے پر بہت فخر ہے جن کے ساتھ ہم نے پروجیکٹس کی ایک حیرت انگیز لسٹ تیار کی ہے جسے میں آپ کے ساتھ شیئر کرنے کا انتظار کر رہی ہوں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اُنہیں امید ہے کہ اُن کے مداح اس سفر میں اُن کے ساتھ شامل ہوں گے اور اگر اُن کے مداحوں کو لگتا ہے کہ اُن کے پاس سنانے کے لیے کوئی کہانی ہے تو وہ مجھے ویب سائٹ کے ذریعےآگاہ کریں۔

install suchtv android app on google app store