جدت اور مسائل

  • اپ ڈیٹ:
  • زمرہ کالم / بلاگ
ثاقب زاد ثاقب زاد

دور جدید میں جہاں ٹیکنالوجی کے احیا نے انسان کیلئے کئی آسانیاں پیدا کی ہیں وہیں کئی مشکلات کا اضافہ بھی ہوا ہے ہمارے سماجی رویوں میں تبدیلی ، کام کے طریقے ، سوچ کے انداز حتی کہ ہماری روز مرہ سرگرمیاں بھی اثر انداز ہوئیں۔

یہ حقیقت ہے کہ جہا ں انسان زندگی کو سہل بنانے کی جستجو میں ایجادات اور مشینوں کے انبار لگا رہا ہے وہیں اس کی پریشانی میں اضافہ بھی ہو رہا ہے کہ زندگی کا تسلسل پریشانیوں میں گھرتا جا رہا ہے۔ اولاد کی تربیت کا معاملہ ہو یا تعلیم کے میدان میں سکہ جمانے کا ۔۔ ہم آنے والی نسل کو جدید ٹیکنالوجی کا گرویدہ بھی بنانا چاہتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں احساس مروت کو زندہ رکھنے کے بھی حامی ہیں ۔۔ ہم مشینوں کے ذریعہ حکومت بھی چاہتے ہیں اور دل کی موت سے لرزہ بھی ہیں ۔۔ دور جدید کا سب سے اہم مسئلہ اولاد کی تربیت کا ہے جس کا پہلا مرحلہ مادری زبان سے شروع ہوتا ہے ہمارے ہاں یہ رائج ہے کہ ماں باپ گھر میں مادری زبان کچھ اور بولتے ہوں گے مگر بچوں سے بات اردو میں کریں گے یا انگریزی میں ۔ حالانکہ ماہرین اس پر متفق ہیں کہ بچہ کی مادری زبان جتنی اچھی ہو گی وہ دوسری زبانوں کو سمونے کی اتنی ہی عمدہ اہلیت رکھے گا ۔۔ ہمارے دور دراز علاقوں میں یہ عمل اور بھی پیچیدہ ہو جاتا ہے ہم گھر میں سرائیکی پشتو براہوی سندھی یا بلوچی کا سہارا لیں گے سکول میں اردو اور پھر اردو سے انگریزی سیکھیں گے ۔۔ یعنی اردو ہماری سیکنڈ لینگویج اور اس میں ہم تھرڈ لینگویج سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہمارا بچہ فرفر تیسری زبان یعنی انگریزی بولے ۔

ہم بچوں کیلئے بھانت بھانت کی ویڈیو گیمز اور لرننگ گیجٹس کے انبار لگا دیتے ہیں جن پر وہ التی پالتی مارے سارا دن بنا پلک جھپکائے آن موڈ میں رہتے ہیں میدان سنسان ہوتے جارہے ہیں موبائل فون ٹیبلٹ لیپ ٹاپ وغیرہ کی مانگ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے پھر ہم توقع کرتے ہیں بنا کھیل کود بچوں کی صحت اچھی رہے نشو و نما فطری ہو چڑا چڑا پن نہ ہو ۔ ماہرین بچو ں کے جدید گیجیٹس کے بے حد استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔

ہمیں جدید دور کے لوازمات سے استفادہ ضرور کرنا چاہئے مگر یہ خیال رہے کہ کہیں ہم نقصان کا شکار تو نہیں ہو رہے ۔ آپ دن میں کتنا وقت بچوں کے ساتھ گزارتے ہیں ۔۔ ہفتہ میں کتنے گھنٹے آپ نے بچوں کے ہمراہ واک کی اور پارک میں تفریح کیلئے بھی وقت گزارا۔ کہیں آپ کے بچے کمپیوٹر سکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے پر انکھوں کی کسی بیماری میں مبتلا تو نہیں ہو رہے یا کمر درد اور مہروں کے مسائل تو جنم نہیں لے رہے جائزہ ضرور لیجیے گا۔

install suchtv android app on google app store