روپے کی قدر میں کمی کا کوئی امکان نہیں: وزیر خزانہ اسد عمر

وزیر خزانہ اسد عمر فائل فوٹو وزیر خزانہ اسد عمر

وزیر خزانہ اسد عمر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے اور اسٹیٹ بینک نے کہہ دیا ہے کہ روپیہ توازن میں ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ روپے کی قدر مارکیٹ سے ہم آہنگ ہوگئی ہے جسے مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا اور اسٹیٹ بینک نے بھی یہ بات کی ہے۔

وزیر خزانہ نے مشورہ دیا کہ افواہیں نہ پھیلائیں اور ڈالر خرید کر پیسہ ضائع نہ کریں۔

اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے بہت مشکل فیصلے کئے ہیں، تبدیلی کو عام طور پر پسند نہیں کیا جاتا ہے اور اس سے تباہی بھی ہوتی ہے تاہم دنیا کے نظام کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، تبدیلی کو مرحلہ وار متعارف کرانا چاہیے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شرح تبادلہ کے لیول پر بات نہیں ہوئی، ہمیں اپنے قوانین کو دنیا کے بہترین طریقوں پر منتقل کرنا ہے اور ہمیں سرکاری سوچ سے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ بچتوں کے فروغ میں اپنی صلاحیت سے کم نتائج دے رہی ہے، پاکستان 300 ارب ڈالر کی معیشت ہے اور دنیا کھربوں ڈالر کی مارکیٹ ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کا حجم معاشی نمو کے مقاصد نہیں دے رہی، مارکیٹ ضرورت سے زائد ریگولیٹڈ ہے۔

install suchtv android app on google app store