پی آئی اے نیویارک پرواز، 'گزشتہ سال ڈیڑھ ارب کا نقصان ہوا'

پی آئی اے فائل فوٹو پی آئی اے

پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن (پی آئی اے) نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نیویارک کے لیے پروازوں کے سلسلے میں گزشتہ سال ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔

سیکریٹری ایوی ایشن عرفان الہٰی نے رکن کمیٹی میاں طارق کی جانب سے پی آئی اے کی نیویارک کے لیے پروازوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خسارے کے باعث نیویارک کے لئے پی آئی اے کی پروازیں ختم کرنا پڑیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 سال سے نیویارک کے لیے پروازوں پر خسارہ ہورہا تھا اور گزشتہ سال نیویارک کے لیے پروازوں پر ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔

میاں طارق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پروازیں اتنے خسارے میں ہیں تو آپ عہدے سے مستعفی کیوں نہیں ہورہے ہیں جس پر عرفان الہٰی کا کہنا تھا کہ میرے پاس پی آئی اے کے چیئرمین کا قائمقام چارج ہے اور میں تو آج بھی عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ میں کوئی اضافی تنخواہ وصول نہیں کررہا تاہم میاں طارق کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کوئی بھی مفت میں کام نہیں کرتا۔

رکن کمیٹی نے کہا کہ نیویارک کے لیے پروازیں ختم کرنے سے لاکھوں پاکستانی پریشان ہیں۔

install suchtv android app on google app store