پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا، جبکہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید گھٹ کر چھ ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور ٹریڈنگ کے شروع میں ہی 100 انڈیکس میں 499 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1,61,600 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ روز بھی کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں بہتری دیکھنے میں آئی تھی، تاہم آخری سیشن میں فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
ادھر کرنسی مارکیٹ میں روپے نے ڈالر کے مقابلے میں بہتری برقرار رکھی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 7 پیسے کمی کے بعد 280 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے، جو کہ گزشتہ چھ ماہ کی کم ترین سطح ہے۔