ایشیائی ترقیاتی بینک نے ریکوڈک منصوبے کے لیے 41 کروڑ ڈالر کا مالیاتی پیکج منظور کر لیا۔ پیکج میں بیرک گولڈ کمپنی کے لیے 30 کروڑ ڈالر کا قرض شامل ہے، جب کہ بقیہ 11 کروڑ ڈالر حکومتِ پاکستان کے لیے فنانسنگ گارنٹی کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ کینیڈا کی کمپنی بیرک گولڈ نے رواں سال اپریل میں پاکستان میں سونے اور تانبے کے ذخائر نکالنے کے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق منصوبے میں بیرک گولڈ کا 50 فیصد شیئر ہوگا، جب کہ باقی 50 فیصد حصہ حکومت پاکستان اور بلوچستان حکومت کے پاس ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بیرک گولڈ کمپنی کے مطابق منصوبے کے پہلے حصے پر رواں برس سے کام شروع ہو جائے گا اور سال 2028 میں ریکوڈک منصوبے کی پہلی پروڈکشن متوقع ہے۔