پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاک-امریکہ دوطرفہ تجارتی حجم 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ امریکہ کی پاکستان کو درآمدات کا حجم 1 ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے ایک سال میں امریکہ کو 5 ارب 83 کروڑ ڈالر مال برآمد کیا، جس میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی دوران، پاکستان کی امریکہ سے درآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا اور اس عرصے میں پاک امریکہ کا تجارتی سرپلس 4 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق امریکہ کو پاکستان کی جانب سے بیڈز، میزیں، ٹوائلٹ اور کچن کے کپڑے 1.038 ارب ڈالر کی برآمدات رہیں، جبکہ مردانہ سوٹ، جیکٹس اور ٹراؤزرز کی برآمدات 936 ملین ڈالر تک پہنچیں۔
مزید برآں، پاکستان نے امریکہ کو 36 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ٹی شرٹس اور 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی جرسیاں اور پل اوورز بھی برآمد کیے۔
جاری دستاویزات کے مطابق امریکا کو چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ پاکستان نے امریکاکو 15کروڑ 70 ڈالر مالیت کے خواتین کے ملبوسات بھی برآمد کیے۔
پاکستان کی امریکا سے درآمدات
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکا سے سب سے زیادہ 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالرزکی روئی درآمد کی۔
امریکاسے تقریباً 16 کروڑ ڈالرز کا لوہے اور اسٹیل کا اسکریپ منگوایا گیا جبکہ 13کروڑ 70لاکھ ڈالرز کی سویابین اور 5کروڑ 60لاکھ ڈالرزکا کوئلہ بھی درآمد کیا گیا۔
پاکستان نے امریکا سے 4 کروڑ ڈالرز کی کمپیوٹر مشینیں، 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی پیٹرولیم آئل مصنوعات، 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ز کے الیکٹرو میڈیکل آلات درآمد کیے۔
اسی طرح امریکا سے خشک میوہ جات کی درآمدات کا حجم 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔