وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کر دی جس میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں مہنگائی کی شرح کم ہو سکتی ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 25.5 سے 26.5 فیصد تک آنے کی توقع ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پہلے ہی مہنگائی پر آ چکا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی صنعتوں کی پیداوار اور ملکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، توانائی سیکٹر میں پیداواری لاگت کو کم جبکہ ڈالر کا مارکیٹ ریٹ مقرر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے بجٹ پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، جولائی تا اکتوبر تک ترسیلات زر میں 13.3 فیصد کمی ہوئی، جولائی تا اکتوبر برآمدات میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ اسی دوران ملکی درآمدات میں 20.1 فیصد کمی ہوئی، ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 27.9 فیصد اضافہ ہوا، نان ٹیکس آمدن میں 114.7 فیصد اضافہ ہوا، رواں مالی سال جولائی تا ستمبر بجٹ خسارہ 17.6 فیصد بڑھا۔