حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا۔ میڈیا پر نشر اپنے بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے پوری کوشش کی کہ عالمی منڈی میں ہونے والے اضافے کا عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 19 روپے 90 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اضافی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات یعنی 31 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جانا تھا، گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، 16 جولائی کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی بیرل قیمت 96 ڈالر تھی جو کل 31 جولائی کو بڑھ کر 111 اشاریہ 46 ڈالر فی بیرول ہوگیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسی طرح 16 جولائی کو پیٹرول فی بیرل 89 پوائٹ 14 ڈالر فی بیرل تھا، جو بڑھ کر 97 اشاریہ 39 ڈالر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے رات گئے تک آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ساتھ اس چیز کو چیک کیا، اعلان میں تاخیر کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ ہم دیکھ رہے تھے کہ کس طرح سے کم سے کم اضافہ کیا جائے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اس معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی بات ہوئی، انہوں نے کہا کہ جو کچھ عوام کے لیے بہتر ہوسکتا ہے، ہمیں وہ کرنا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے ہم نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جو کمٹمنٹ کی ہیں، اگر وہ کمٹمنٹس نہ ہوتیں تو پھر ایک ہی راستہ تھا کہ اس میں کچھ کمی کرکے یا پھر جتنی وزیراعظم اجازت دیتے تو کم سے کم اس میں اضافے کا اعلان کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن ہم آئی ایم ایف معاہدے میں موجود ہیں، پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت بھی جاتے جاتے اپنی بات سے مکر گئی تھی اور معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی، قیمت میں اضافے کے بجائے اس میں اضافہ کردیا تھا۔