آئی ایم ایف نے بجٹ کےحوالے سے بعض چیزوں پر وضاحت مانگی ہے: وزیر مملکت برائے خزانہ

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا فائل فوٹو وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا

وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر  عائشہ غوث پاشا نے کہا ہےکہ آئی ایم ایف نے بجٹ کےحوالے سے بعض چیزوں پر وضاحت مانگی ہے اور انہیں اخراجات اور ٹیکسوں کے معاملے پر تشویش ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے کی پہلے ہی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ اجلاس ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ مالیاتی ادارہ وزارت خزانہ کے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور بجٹ کی تفصیلات، ڈیٹا کے حصول اور تمام چیزوں کی وضاحت حاصل کرنے کے لیے سوالات کر رہا ہے۔

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کے درمیان 2 دونوں کے دوران متعدد سیشنز ہوئے ہیں، لہٰذا یقینی طور پر ہم مسلسل رابطے میں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک رابطے کے تسلسل کا تعلق ہے تو کسی کو کیوں کہنا چاہیے کہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔

ان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا دو طرفہ ممالک کے ساتھ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ پر مذاکرات شروع ہوئے ہیں، جس پر ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے وضاحت کے ساتھ بتایا ہے کہ پاکستان اس آپشن پر غور کر سکتا ہے لیکن پیرس کلب میں جانے کا نہیں سوچ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کثیرالجہتی، تجارتی یا دیگر بین الاقوامی قرضوں پر ڈیفالٹ نہیں ہوگا، حالانکہ وہ دوسرے ممالک کی طرح اپنے دو طرفہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ پر غور کر سکتا ہے۔

install suchtv android app on google app store