سلطنت عمان میں کل سے کورونا ویکسین مہم کا آغاز ہوگا

کورونا ویکسین فائل فوٹو کورونا ویکسین

سلطنت عمان میں کل اتوار سے کورونا ویکسین مہم کا آغاز ہوگا۔

عمان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کل سے سلطنت میں ویکسین مہم کا آغاز ہو رہا ہے، یہ مہم دو مراحل پر مشتمل ہوگی۔

پہلے مرحلے میں معمر افراد، کورونا کے مریضوں سے براہ راست معاملہ کرنے والا طبی عملہ اور وبا کے زیادہ شکار ہونے والے افراد شامل ہوں گے۔ عمان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک کی 20 فی صد آبادی کو ویکسین دی جائے گی۔

وزارت کے مطابق کرونا ویکسی نیشن کے دوسرے مرحلے میں تمام رہائشیوں کو ویکسین مہم میں شامل کر کے ڈوز دی جائے گی۔

واضح رہے کہ امریکی کمپنی فائزر کی تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ عمان پہنچ چکی ہے جس میں وزارت صحت کے مطابق 15600 انجیکشن موجود تھے، جب کہ دوسری کھیپ جنوری میں پہنچے گی جس میں 28 ہزار انجیکشن شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ سلطنت عمان میں گزشتہ ہفتے چند مریضوں میں کرونا وائرس کی نئی قسم کا شبہ سامنے آیا تھا، صحت حکام کا کہنا تھا کہ 4 ایسے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جنھیں کرونا وائرس کی نئی قسم لاحق ہونے کا شبہ ہے۔

عمان کے وزیر صحت احمد بن محمد السعیدی نے مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ مذکورہ شہری برطانیہ سے آئے ہیں، کو وِڈ 19 کے شبہے کی وجہ سے انھیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store