کورونا وائرس: صدر ولادی میر پیوٹن نے ویکسین وینزویلا بھی بھجوا دی

 روس کے صدر ولادی میر پیوٹن فائل فوٹو روس کے صدر ولادی میر پیوٹن

روس کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی ہزاروں ڈوز وینزویلا پہنچ گئیں۔

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کورونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ جنوبی امریکی ملک وینزویلا بھی بھجوا دی۔

کورونا ویکسین موصول ہونے کی تصدیق وینزویلا کے صدر نکولس مادوروں نے کی، ان کا کہنا تھا کہ روسی ساختہ ویکسین کی ہزاروں ڈوز وینزویلا پہنچ چکی ہیں جو عوام کےلیے بلکل مفت ہوں گی۔

روس کی جانب سے اکتوبر کے شروع میں اسپتنک وی نامی کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ وینزویلا بھیجی گئی جو گزشتہ روز پہنچی ہے۔

صدر نکولس مادورو نے مزید کہا کہ ہم روسی ویکسین پر تحقیق کے تیسرے مرحلے میں حصّہ لے رہے ہیں اور مقامی سطح پر بھی روسی ساختہ ویکسین کی تیاری کا ادارہ رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ روس نے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ تیار کرکے ملک بھر میں پہنچا دی تھی جس کے بعد روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے کورونا وائرس کی دوسری ویکسین کی تیاری کا بھی دعویٰ کردیا ہے، جسے حکومت نے رجسٹر کرلیا ہے۔

روسی ساختہ دوسری کورونا ویکسین روس کے شہر نووسیبیر سک میں حیاتیاتی تحقیقی مرکز ‘ویکٹر’ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، ویکٹر ایک عالمی معیار کی وائرولوجی اور بائیو ٹیکنالوجی تنصیبات میں سے ایک ہے۔

یہ طبی مرکز اس سے قبل ایبولا، سارس اور چیچک سمیت دیگر مہلک وائرس کے خلاف ویکسن تیار کر جاچکا ہے۔ جبکہ تیسری کورونا ویکسین ماسکو میں چومکوف فیڈرل سائنٹیفک سینٹر تیار کررہی ہے۔

خیال رہے کہ روسی ساختہ کورونا ویکسین سے متعلق امریکی تحفظات پر روس اپنی ویکسین کے حوالے سے معلومات امریکا کو دینے کی پیش کش کرچکا ہے۔

install suchtv android app on google app store