خاتون نے گرفتار کرنے والے پولیس افسر ہی کو گردہ عطیہ کرکے اس کی زندگی بچالی، جانیے تفصیلات

خاتون اور مریض فائل فوٹو خاتون اور مریض

امریکا میں خاتون نے گرفتار کرنے والے پولیس افسر کو گردہ عطیہ کرکے اس کی زندگی بچالی۔

امریکی ریاست الباما میں ایک خاتون نے اپنا گردہ دے کر اس پولیس افسر کی جان بچالی جس نے اسے کئی مرتبہ گرفتار کیا تھا۔

خاتون نے فیس بک پر ایک پوسٹ دیکھی جس میں لکھا گیا تھا کہ سابق پولیس افسر ٹیریل پوٹر بیمار ہیں اور ان کو گردے کی سخت ضرورت ہے یہ پوسٹ پولیس افسر کی بیٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔

خاتون نے پوسٹ پڑھنے کے بعد پولیس افسر کی بیٹی سے رابطہ کیا اور پیش کش کی کہ وہ اپنا گردہ عطیے کے طور پر انہیں دینا چاہتی ہیں جس نے 16 مرتبہ ان کو گرفتار کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 40 سالہ خاتون جوسیلین جیمز ماضی میں نشے کی بدترین لت کا شکار رہیں، جس کے سبب وہ اپنی گاڑی اور ملازمت سے بھی محروم ہوگئی تھیں اور اخراجات کو پورا کرنے کے لیے چوری شروع کردی تھی۔

پولیس افسر نے خاتون کو 2012 اور 2017 کے درمیان 16 مرتبہ گرفتار کیا اور وہ ریاست کی انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں بھی رہیں۔

جوسیلین جیمز نے جب مطلوب ملزمان کی فہرست میں اپنا نام دیکھا تو انہوں نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا اور چھ ماہ جیل میں گزارنے کے بعد وہ بحالی صحت مرکز گئیں اور 9 ماہ وہاں گزارے، خاتون اب ان خواتین کی مدد کررہی ہیں جو نشے کی لت میں مبتلا ہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کو میں نے پورا نہیں پڑھا بس اتنا دیکھا کہ اس آدمی کو گردے کی ضرورت ہے اور ایک مقدس جذبے نے مجھ سے کہا کہ تمہارے پاس اس آدمی کا گردہ ہے، انہوں نے جولائی میں پوٹر کو گردے کا عطیہ دیا اور دونوں اب صحت یاب ہیں۔

install suchtv android app on google app store