آن لائن شادی پورٹل کا بھیانک انجام، شوہر شادی کے چند ماہ بعد ہی غائب، جانیے تفصیلات

دلہن فائل فوٹو دلہن

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں شادیاں کرانے والی ویب سائٹ کے ذریعے شادی کا انجام افسوس ناک نکل آیا، شوہر شادی کے چند ماہ بعد ہی غائب ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں ایک میٹریمونیل سائٹ سے کی گئی شادی خاتون کے لیے ایک نا خوش گوار حادثہ ثابت ہو گئی، شوہر چار مہینے ساتھ رہنے کے بعد بھاگ گیا۔

یہ واقعہ بھوپال کے علاقے مسرود تھانہ ایریا میں پیش آیا، ایک این جی او کی ڈائریکٹر نے 30 جنوری کو شادیاں کرانے والی ویب سائٹ کے ذریعے رابطے میں آئے بنگلورو کے رہائشی نوجوان بھاسکر سے شادی کر لی تھی، شادی میں تمام رسوم بھی باقاعدہ طور پر ادا کی گئی تھیں۔

پیشے کے اعتبار سے سافٹ ویئر انجینئر بھاسکر بھوپال میں رہ کر کام کر رہا تھا، شادی کے بعد بھاسکر چار ماہ تک خاتون کے ساتھ رہا اور پھر اچانک غائب ہو گیا، بیوی کو جب اس کی حقیقت معلوم ہوئی تو اس کے ہوش اڑ گئے، مایوسی کے عالم میں اس نے خود کشی کی بھی کوشش کی۔

این جی او ڈائریکٹر نے پولیس تھانے میں رپورٹ درج کراتے ہوئے انکشاف کیا کہ میرا شوہر پہلے سے شادی شدہ ہے، اس نے پہلے سے 2 شادیاں کی تھیں اور دھوکا دہی سے مجھ سے تیسری شادی کی۔ خاتون نے بتایا کہ جب اس کو شوہر بھاسکر پر شک ہوا تو پوچھ گچھ پر اس نے انکار کر دیا، لیکن سوشل میڈیا کے ذریعے جب معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ بھاسکر نے اس سے قبل ایک نہیں دو شادیاں کر رکھی ہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ معاملہ کھلنے کے بعد شوہر بھاسکر نے کہا کہ اس نے دیگر بیویوں کو طلاق دی تھی، لیکن اس کے دستاویز دکھانے کی بجائے وہ گھر چھوڑ کر فرار ہو گیا ہے۔ خاتون نے پولیس کو بھاسکر کی شادیوں اور ان سے ایک ایک بچے سے متعلق ثبوت بھی فراہم کر دیے۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم اس کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔

install suchtv android app on google app store