ماہ صیام کے باقی تمام ایام میں تراویح اور تہجد کی نمازیں براہ راست نشر کرنے کا اعلان

نمازِ تراویح فائل فوٹو نمازِ تراویح

مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازہر نے اعلان کیا ہے کہ وہ ماہ صیام کے باقی تمام ایام میں تراویح اور تہجد کی نماز مرکزی مسجد الازہر سے نشر کرے گی۔

عرب ٹی وی کے مطابق الازہر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ تراویح اور تہجد کی نماز براہ راست جامعہ کی مسجد سے نشر کی جائے گی تاہم با جماعت نماز میں امام اور مسجد کے انتظامی عملے کے علاوہ عام لوگوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ الازہر نے خاص طور پر ماہ مقدس کے آخری دس دنوں کے دوران روحانی ماحول عام کرنے کے لیے سوشل میڈیا، فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹویٹر پر الازہر کے سرکاری صفحات کے ذریعے نماز کو براہ راست دکھائے گی۔

خیال رہے کہ جامعہ الازھر پہلے ہی کورونا کی وجہ سے ماہ صیام کے دوران مساجد میں با جماعت نمازوں کی ادائی پرپابندی عاید کرچکی ہے۔ الازہر میں سینیر اسکالرز اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھرمیں تیزی کے ساتھ پھیلنے والے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت کے وضع کردہ طریقہ کار پرعمل درآمد ناگزیر ہے۔

وبا کا مزید پھیلائو روکنے کے لیے جمعہ کی نمازوں سمیت دیگر تمام نمازیں مساجد میں با جماعت انداز میں ادا کرنے سے روکا گیا ہے۔ مصری حکام نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ روکنے کے لیے گذشتہ مارچ سے مساجد میں جمعہ کی نماز اور با جماعت نمازوں کی ادائی پرپابندی عاید کردی تھی۔

install suchtv android app on google app store