پولیس کی بڑی کاروائی، بیٹے کے قتل میں ملوث پولیس افسر گرفتار

 8 سالہ بچہ گھر کے گیراج میں مردہ پایا گیا فائل فوٹو 8 سالہ بچہ گھر کے گیراج میں مردہ پایا گیا

امریکی شہر نیویارک میں ایک پولیس افسر کا 8 سالہ بچہ گھر کے گیراج میں مردہ پایا گیا جس کے بعد پولیس افسر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر شہر کی ٹرانزٹ پولیس کا اہلکار ہے اور اسے اس کی منگیتر کے ہمراہ گرفتار کیا گیا ہے، ان پر الزام ہے کہ دونوں نے افسر کے 8 سالہ بیٹے کو قتل کردیا ہے۔

40 سالہ مائیکل اور 42 سالہ انجیلا نے 8 سالہ تھامس کو رات بھر کے لیے گیراج میں چھوڑ دیا تھا جہاں حرارت کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ صبح مائیکل نے بیٹے کو بے حس و حرکت دیکھا تو پولیس کو مدد کے لیے بلایا، پولیس وہاں پہنچی تو مائیکل بیٹے کو ہوش میں لانے کی کوشش کر رہا تھا۔

بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچے کے سر اور چہرے پر چوٹ کے نشانات بھی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر جوڑے نے غفلت برتتے ہوئے بچے کو گیراج میں چھوڑا۔ فی الحال دونوں پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تاہم دونوں پولیس کی حراست میں ہیں۔

دونوں کے وکلا کا کہنا ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا اور اسے بلاوجہ جوڑے کے سر تھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

8 سالہ تھامس کے علاوہ مائیکل کے 2 اور انجیلا کے 2 بچے بھی جوڑے کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تھامس اور اس کا بڑا بھائی کم خوراکی کا شکار تھے اور ممکن ہے کہ تھامس کو سزا کے طور پر گیراج میں بند کیا گیا ہو۔

واقعے کے بعد دیگر بچوں کو یہاں سے منتقل کردیا گیا ہے۔ جوڑے کے خلاف اس سے پہلے بھی بچوں کے ساتھ غفلت برتنے کی شکایت درج کروائی گئی تھی۔

 

install suchtv android app on google app store