کرتار پور گرودوارہ آنے والی بھارتی لڑکی کی پاکستان میں آنے کی کوشش، اندر کی کہانی سامنے آتے ہی ہلچل مچ گئی

کرتار پور گرودوارہ فائل فوٹو کرتار پور گرودوارہ

یاترا کیلئے کرتار پور گوردوارہ پہنچنے والی بھارتی لڑکی نے اپنے پاکستانی دوست کی مدد سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکورٹی اہلکار نے ناکام بنا دیا۔

ہریانہ سے تعلق رکھنے والی سکھ لڑکی منجیت کور کی گوجرانوالہ کے پاکستانی لڑکے اویس مختار سے فیس بک پر دوستی ہوئی تھی، ان کا شادی کرنے کا ارادہ تھا جس کیلئے دونوں نے کرتار پور گوردوارہ میں ملنے کا پروگرام بنایا۔

رپورٹ کے مطابق گوردوارہ کی پہلی منزل پر منجیت اور اویس مختار کی ملاقات ہوئی، جہاں مختار اپنی والدہ اور بہن کو بھی لے کر آیا تھا تاکہ وہ منجیت کو دیکھ لیں، لڑکے کے گھر والوں نے منجیت کو پسند کرلیا، جس پر منجیت نے اصرار کیا کہ وہ اب واپس نہیں جائے گی بلکہ ان لوگوں کے ساتھ ہی پاکستان میں رہے گی۔

اس ارادے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مختار کی بہن نے منجیت سے اپنا وزیٹرز کارڈ تبدیل کرلیا اور خود وہیں بیٹھ گئی تاکہ کچھ دیر بعد اہلکاروں سے کارڈ گم ہونے کا بہانہ بناکر وہاں سے واپس آجائے۔

بعد ازاں منجیت نے گیٹ عبور کرنے کی کوشش کی تاہم وہ سیکیورٹی اہلکاروں کی آنکھ میں دھول نہ جھونک سکی اور اہلکاروں نے کوشش ناکام بنا دی، پولیس نے مختار کو تنبیہ کی اور منجیت کو واپس بھارت بھیج دیا۔

سماء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی شکر گڑھ ملک خلیل نے بتایا کہ بھارتی لڑکی منجیت کور پاکستانی حدود میں داخل نہیں ہوئی، پاکستانی لڑکے اور بھارتی لڑکی کی دوستی فیس بک پر ہوئی۔

ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ دونوں ملکوں کے شہری احاطہ گوردوارہ میں ملاقات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرتارپور راہدری میں سیکیورٹی کے مکمل انتظامات ہیں اور کسی کو بغیر اجازت آنے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

install suchtv android app on google app store