ایران انسداد جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدے 2015 پر عمل پیرا ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے جوہری ہتھیاروں کی نگرانی کرنے والے ادارے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو فائل فوٹو اقوام متحدہ کے جوہری ہتھیاروں کی نگرانی کرنے والے ادارے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو

اقوام متحدہ کی جوہری ہتھیاروں پر نظر رکھنے والی ایجنسی نے تسلیم کیا ہے کہ ایران انسداد جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدے 2015 پر عمل پیرا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے جوہری ہتھیاروں کی نگرانی کرنے والے ادارے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے بورڈ آف گورنر کو اپنی تازہ رپورٹ پیش کردی جس میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق ہونے والی پیشرفتوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانوکا کہنا تھا کہ ایران اب بھی عالمی قوتوں امریکا، برطانیہ، روس، جرمنی، فرانس اور چین کے ساتھ انسداد جوہری ہتھیاروں کے معاہدہ 2015 پر عمل درآمد کر رہا ہے اور ایجنسی کو ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

گزشتہ برس امریکا نے ایران پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا الزام عائد کرتے ہوئے ’ ڈیل 2015 ‘ سے دستبردار ہوکر معاہدے کی توسیع سے انکار کردیا تھا تاہم معاہدے کے دیگر فریقین نے معاہدے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس طرح اب یہ معاہدہ ایران اور 5 عالمی قوتوں ( برطانیہ، روس، جرمنی، فرانس اور چین) کے درمیان رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے باعث ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ایران اور عالمی قوتوں کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس میں ایران نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری بند کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا اور جواباً عالمی قوتوں نے ایران پرعائد پابندیوں کو نرم کردیا تھا، تاہم یہ پیشکش سالانہ توسیع سے مشروط تھی۔

 

install suchtv android app on google app store