سعودی اتحاد کے جنگی جہاز اور ڈرون طیارے تباہ

یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت میں استعمال ہونے والے ایک جنگی جہاز کو سمندر میں اور دو ڈرون طیاروں کو نشانہ بناکر تباہ کردیا ہے۔

یمن کی تحریک انصاراللہ کے قریبی ذرائع کے مطابق، اس حملے کے نتیجے میں یمنی ساحل میں سعودی اتحاد کی جنگی کشتی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں موجود تمام فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے.

سعودی اتحاد نے اب تک اس رپورٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔ دوسری جانب بدھ کے روز جیزان کے علاقے جبل الشبکه میں یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے سعودی اتحاد کے جاسوسی کے دوطیاروں کو نشانہ بناکر تباہ کردیا۔

گزشتہ دنوں یمنی سرکاری فوج کے فضائی دفاعی سسٹم نے سعودی عرب سے ملحقہ علاقوں میں تین سعودی جاسوس طیاروں کو مار گرایا تھا۔

یاد رہے کہ 30 سپتمبر کو بھی یمنی فوج اور عوامی مزاحمتی گروہوں نے سعودی عرب کی جنوبی بندرگاہ جیزان میں سعودی اتحاد کی کشتیوں پر کامیاب ڈرون حملے کئے جس میں کئی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا.

سعودی اتحادی ملکوں نے چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے۔ سعودی اتحاد نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی منہدم کردیا ہے۔

install suchtv android app on google app store