برطانوی جج دستبردار، بھارتی جج عالمی عدالت انصاف کا حصہ بن گئے

بھارتی جج پینل کے لیے منتخب ہوگئے فائل فوٹو بھارتی جج پینل کے لیے منتخب ہوگئے

عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) کے 15 رکنی ججز کے پینل میں انتخاب کی دوڑ میں شامل برطانیہ کے امیدوار جج کی دستبرداری کے باعث بھارتی جج پینل کے لیے منتخب ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں 1945 سے قائم عالمی عدالتِ انصاف میں پہلی مرتبہ ایسا ہوگا جب ایک برطانوی جج اس بینچ کا حصہ نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ بھارتی جج دلویربھنداری اور برطانوی جج سر کرسٹوفر گرین ووڈ کے درمیان آئی سی جے کے 15 رکنی پینل میں منتخب ہونے کے لیے مقابلہ ٹائی ہوگیا تھا۔

بھارتی جج کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں برتری ملی جبکہ اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں برطانوی جج کو حمایت حاصل رہی۔

اس موقع پر اقوامِ متحدہ میں برطانیہ کے مستقبل مندوب میتھیو رائے کرافٹ کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مقابلے کو جاری رکھ کر الیکشن کے مزید راؤنڈز سے اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اور جنرل اسمبلی کا قیمتی وقت ضائع نہیں کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں مایوسی ضرور ہوئی ہے تاہم اس عہدے کے لیے 6 بہترین امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔

واضح رہے کہ برطانوی جج سر کرسٹوفر گرین ووڈ پہلے ہی آئی سی جے میں بطور جج اپنی ایک 9 سالہ مدت پوری کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ آئی سی جے کی بینچ کا حصہ بننے کے لیے بھارتی جج دلویر بھنداری نے برطانوی جج سر کرسٹوفر گرین ووڈ کے مابین ووٹنگ ہوئی جس میں دونوں امیدواروں کے حق میں برابر ووٹ آئے تھے۔

عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمات کی سماعت کے لیے 15 رکنی بینچ میں ہر 3 سال بعد 5 ججز منتخب کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سیکیورٹی کونسل میں انتخابات کروائے جاتے ہیں۔
عالمی عدالتِ انصاف کے قوانین کے تحت اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 97 جبکہ سیکیورٹی کونسل سے 8 ووٹ لینے والا شخص مقدمات سننے والے بینچ کا حصہ بننے کا اہل ہوجاتا ہے۔

ان انتخابات میں کامیاب ہونے والے 5 جج صاحبان آئندہ 9 سال کے لیے 15 رکنی پینل کا حصہ بن جاتے ہیں۔

آئندہ 9 برس کے لیے 5 ججز میں سے 4 ججز کا انتخاب کیا جا چکا تھا جن میں لبنان کے نواف سلام، فرانس کے رونی ابراہم، صومالیہ کے عبدالقوی احمد یوسف، اور برازیل کے انٹونیو اوگسٹو کنکاڈو ٹرندادے شامل ہیں جبکہ پانچویں جج بھارت کے دلویر بھنداری ہیں۔

خیال رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب آئی سی جے میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی پھانسی رکوانے کے حوالے سے بھارت کی درخواست پر کیس کی سماعت زیر التواء ہے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ایک افسر سے جب آئی سی جے میں ہونے والے انتخابات پر بات کی گئی تو انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ پاکستان کو اس پیشرفت کے بارے میں علم ہے اور کلبھوشن کیس کی آئندہ سماعت پر بھرپور تیاری کے ساتھ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو معاملے پر درخواست بھارت نے ضرور دائر کی ہے مگر یہ مقدمہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگلی سماعت کے لیے اپنی قانونی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس پر عملدرآمد آئندہ چند دنوں میں شروع کردیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store