نیپال کے مشہور سیاحتی مقام ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں 2 ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہونے کے نتیجے میں ایک غیر ملکی سیاح ہلاک جبکہ ایک پائلٹ زخمی ہوگیا۔
نیپال کا ماؤنٹ ایورسٹ کا علاقہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور کوہ پیماؤں کی توجہ کا مرکز ہے۔ حادثے کا مقام فیرچے بھی اسی علاقے میں واقع ہے جہاں ہیلی کاپٹر سیاحوں اور کوہ پیماؤں کی آمدورفت کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
حادثہ آج صبح ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے فیرچے میں پیش آیا جہاں 2 ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران آپس میں ٹکرا گئے۔
حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹرز میں فش ٹیل ایئر اور ایئر ڈائنسٹی کے ہیلی کاپٹر شامل تھے۔
حکام کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹر فیرچے ہیلی پیڈ پر اترنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں دونوں ہیلی کاپٹر تباہ ہوگئے۔
حادثے کے وقت موقع پر موجود حکام نے بتایا کہ فش ٹیل ایئر کے ہیلی کاپٹر میں سوار ایک غیر ملکی سیاح ہلاک ہوگیا جبکہ ایک کپتان زخمی ہوا۔ تاہم ہلاک ہونے والے سیاح کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔
حکام کا کہنا تھا کہ حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب ایئر ڈائنسٹی کے ہیلی کاپٹر کے کپتان رابندرا پرجاپتی حادثے میں زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق فش ٹیل ایئر کے ہیلی کاپٹر کو کپتان پرجوال کے سی چلا رہے تھے جبکہ ایئر ڈائنسٹی کے ہیلی کاپٹر کی کمان کپتان رابندرا پرجاپتی کے پاس تھی۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں جبکہ ایک سمریک ایئر کا ہیلی کاپٹر بھی جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔