ایران کے سرکاری ذرائع نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے امریکا سے نئی فوجی کارروائیاں نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر نے فوجی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی فوجی حکام نے کہا کہ امریکا سے حملے روکنے کی کوئی درخواست نہیں کی گئی اور اس حوالے سے سامنے آنے والے دعوے کو انہوں نے ’ایک نیا جھوٹ‘ قرار دیا۔
ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
حکام کے مطابق ایران کی دفاعی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اگر کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک کے متضاد بیانات خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری سفارتی حل تلاش کرنے کی کوششوں پر زور دے رہی ہے۔