پورے ملک میں واٹس ایپ کو بند کرنے کا فیصلہ

روس نے 2025 میں واٹس ایپ پر پابندی لگانے کی دھمکی دی تھی، اور اب باضابطہ طور پر میٹا کی زیر ملکیت اس میسجنگ ایپ کو اپنے ملک میں بلاک کر دیا ہے۔ روس میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہے، اور اب روسی حکومت نے اس ایپ کو اپنے انٹرنیٹ سے مکمل طور پر خارج کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، روسی انتظامیہ نے واٹس ایپ کو آن لائن ڈائریکٹری سے نکال دیا ہے، جس کے بعد اسے مؤثر انداز سے روسی انٹرنیٹ سے بلاک کر دیا گیا ہے۔ روسی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہے کہ صارفین ایک مقامی میسجنگ ایپ "میکس" پر منتقل ہو جائیں، جو وی چیٹ ایپ کی طرح ہے، لیکن اس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ نہیں ہے۔

میٹا نے ایک بیان میں کہا کہ روسی حکومت کا مقصد 10 کروڑ سے زائد واٹس ایپ صارفین کو محفوظ کمیونیکیشن سے محروم کرنا ہے، جس سے روسی عوام کو حاصل تحفظ میں کمی آئے گی۔ میٹا نے یہ بھی کہا کہ روسی حکومت نے واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ صارفین کو حکومت کی نگرانی والی ایپ میں منتقل کیا جا سکے۔

اسی دوران، روسی حکومت نے 11 فروری کو ٹیلیگرام کو بھی آن لائن ڈائریکٹری سے نکال دیا، اور میٹا کی دیگر ایپس فیس بک اور انسٹاگرام تک رسائی بھی مکمل طور پر بند کر دی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق، یوٹیوب پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اسے بھی مکمل طور پر آن لائن ڈائریکٹری سے باہر کیا گیا ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ جولائی 2025 میں روسی پارلیمان کے ایک رکن نے کہا تھا کہ واٹس ایپ پر پابندی عائد کرنے کا امکان بہت زیادہ ہے، اور روسی حکومت نے اس حوالے سے اپنی پالیسی مزید سخت کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

install suchtv android app on google app store