فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے صیہونی فوجی کی لاش اسرائیلی حکام کے حوالے کردی۔ اسرائیلی حکام نے لاش وصول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والا فوجی ہادر گولڈین 2014 کی جنگ کے دوران مارا گیا تھا۔حماس کا کہنا ہے کہ فوجی کی لاش رفح کے علاقے میں ایک زیرِ زمین سرنگ سے برآمد کی گئی، جو اس وقت اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں ہے۔
تنظیم کے مطابق لاش کی حوالگی انسانی بنیادوں پر کی گئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک سینئر ترک عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ ترکیہ نے لاش کی واپسی کے عمل کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے۔ صیہونی فورسز نے بریج پناہ گزین کیمپ میں ایک فلسطینی کو شہید کردیا، جبکہ شمالی اور جنوبی علاقوں میں بھی بمباری کے نتیجے میں دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا، قابض فوج نے فلسطینی کسانوں پر بھی وحشیانہ حملے کیے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 69 سے تجاوز کرگئی جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار 679 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔