لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی کا بھارت کا نیا آرمی چیف نامزد کر دیا گیا ہے وہ 30 جون کو اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی کو بھارت کا نیا آرمی چیف نامزد کر دیا گیا جو 30 جون کو اپنے عہدے کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔
رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی اس وقت وائس چیف آف آرمی اسٹاف ہیں اور وہ 30 جون کو موجودہ آرمی چیف جنرل منوج سی پانڈے کی عہدہ چھوڑنے کے بعد چارج سنبھالیں گے۔
موجودہ بھارتی آرمی چیف جنرل منوج سی پانڈے کو 30 اپریل 2022 کو آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا اور انہیں گزشتہ ماہ مئی کے آخر میں ریٹائر ہونا تھا تاہم ان کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی۔
جولائی 1964 میں پیدا ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی کئی اہم پوسٹوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سابق ناردرن آرمی کمانڈر اس وقت فوج میں سب سے سینئر افسر ہیں۔
وہ 2022-2024 تک ڈائریکٹر جنرل انفنٹری اور جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف (ہیڈ کوارٹر ناردرن کمانڈ) کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، اس سے قبل وہ آرمی چیف کے وائس چیف کے عہدے پر فائز ہوئے۔