غزہ: رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملے میں بچوں سمیت 22 فلسطینی شہید

غزہ فائل فوٹو غزہ

اسرائیلی فوج نے ماہ صیام میں بھی فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں، رات گئے رفح اور خان یونس میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملوں میں معصوم بچوں سمیت مزید 22 فلسطینی شہید کردیے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے رفح میں 2 گھروں اور ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 14 فلسطینی شہید ہوگئے۔

جبالیہ میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک مکان پر گولہ باری کی ہے جس میں بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا، حملے کے نتیجے میں بہت سے دیگر لوگ زخمی بھی ہوئے۔

غزہ کے طبی حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت 31 ہزار 726 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 792 زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب یونیسیف کےایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسلز نے کہا کہ بچوں کی اتنی بڑی تعداد میں اموات کی شرح کسی بھی تنازع یا جنگ میں نہیں دیکھی گئی ہے لیکن دنیا ان جرائم پر بالکل خاموش ہے، ان بچوں کے پاس اب رونے جتنی طاقت بھی نہیں بچی۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیریس نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کو شدید بھوک اور مصائب کا سامنا ہے، آئی پی سی رپورٹ غزہ میں تشویشناک صورتحال کی غماض ہے۔

سیکرٹری جنرل نے آئی پی سی درجہ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بھوک کا سامنا کرنے والے لوگوں کی تعداد غیر معمولی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ غزہ میں یہ قحط مکمل طور پر انسانوں کی پیدا کردہ تباہی ہے، ہمیں اس ناقابل تصور، ناقابل قبول اور بلاجواز عمل کو روکنے کے لیے ابھی فوری قدم اٹھانا چاہیے۔

install suchtv android app on google app store