سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ 2060 تک مملکت میں کاربن کا اخراج صفر تک پہنچا دیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے دبئی میں کوپ 28 کے موقع پر ہونے والے مباحثے ’پائیدار سیاحت کی خاطر سرمایہ کاری‘ میں گرین سعودی انشیٹو کے حوالے سے اب تک ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔
احمد الخطیب نے شرکا کو مملکت کی مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگا کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب توانائی کے شعبے میں تبدیلی پروگرام کا پابند ہے۔ 2030 تک تجدد پذیر توانائی کا استعمال 50 فیصد تک کیا جانے لگے گا جبکہ 2060 تک کاربن کا اخراج صفر تک پہنچا دیا جائے گا۔
سعودی وزیر سیاحت نے مزید کہا کہ مملکت میں منفرد منصوبے نافذ کیے جارہے ہیں جو مقامی معاشروں، موسمیات اور قدرتی ماحول کے تقاضے پورے کر رہے ہیں۔ ان میں نیوم خاص طور پر قابل ذکر ہے جو کاربن فری ہوگا۔ اسی طرح ریڈ سی منصوبہ فروغ سیاحت کے حوالے سے پائیداری اور آلودگی سے پاک ہے اور یہ دونوں کا سنگم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو 2030 ماحول دوست بڑے پروگراموں کی میزبانی کے حوالے سے عالمی معیار وضع کرے گی۔ یہ پلیٹ فارم نہ صرف پائیدار سیاحت کے شعبے میں سعودی عرب کی ترقی کو اجاگر کرے گا بلکہ یہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بین الاقوامی مکالمہ پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔