جنوبی امریکی ممالک کے بعد شمالی کوریا نے بھی غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف فلسطین کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
اسرائیلی فورسز کی غزہ سمیت فلسطین کے مختلف علاقوں میں 7 اکتوبر سے زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری ہیں جس میں اب تک ساڑھے 8 ہزار سے زائد افراد شہید اور 22 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
صیہونی فورسز کی جانب سے غزہ میں اسپتالوں اور اسکولوں کے علاوہ پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے جس میں بڑی تعداد بچے اور خواتین بھی شہید ہو رہی ہیں۔
دو روز قبل ہسپانوی وزیر برائے سوشل رائٹس نے یورپی رہنماؤں سے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرنے اور فلسطین میں ہونے والے جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
گزشتہ روز جنوبی امریکی ملک بولیویا نے اسرائیل سے احتجاجاً اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا جبکہ کولمبیا اور چلی نے بھی سفیر واپس بلا لیے۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کے نیو یارک آفس کے سربراہ کریگ موخیبر بھی فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے میں ناکامی پر بطور احتجاج مستعفی ہو گئے تھے۔
اب شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے بھی فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
کم جونگ ان نے سوشل میڈیا پر شمالی کوریا اور فلسطین کا پرچم لگاتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ہم فلسطین کے ساتھ ہیں۔