اگر آپ کو اچانک اپنے کسی پیارے کا پیغام موصول ہو جائے جو دو برس قبل وفات پا گیا ہو تو یقیناً آپ کا دل دھک سے رہ جائے گا۔
ایسا ہی کچھ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ڈیرک نامی ایک شخص کے ساتھ بھی ہوا، جب اس نے اپنی اہلیہ کی کینسر سے موت کے 2 برس بعد اپنے لیے نئے جیون ساتھی کی تلاش میں آن لائن ایپ ٹنڈر پر اکاؤنٹ بنایا۔
آن لائن ایپ ٹنڈر پر جیون ساتھی کی تلاش کے دوران ڈیرک کو وفات پا جانے والی اپنی اہلیہ کی چند تصاویر اسی کے نام کے ساتھ ایک پروفائل پر نظر آئیں جو نیویارک کے اسٹیچو آف لبرٹی (مجسمۂ آزادی) کے سامنے لی گئی تھیں۔
ڈیرک پہلے تو ان تصاویر کو دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس کی اہلیہ کبھی اپنی زندگی میں نیویارک نہیں گئی تھی اور نہ ہی اس نے یہ تصاویر اہلیہ کی زندگی میں کبھی دیکھی تھیں۔
تصاویر دیکھنے کے بعد ڈیرک نے چاہا کہ مذکورہ خاتون کے بارے میں مزید جاننے کی کوشش کرے تو اسے کچھ معلوم نہ ہو سکا کیونکہ مذکورہ پروفائل پر چند تصاویر کے سوا اور کچھ بھی شیئر نہیں کیا گیا تھا۔
ڈیرک مزید پریشانی میں مبتلا ہوا کہ مذکورہ پروفائل جعلی ہے یا پھر اس کی اہلیہ نے اپنی زندگی میں ہی یہ پروفائل بنائی تھی، یہ جاننے کے لیے اس نے مذکورہ خاتون کو کئی پیغامات بھیجے، تاہم فوری کوئی جواب موصول نہ ہوا۔
چند دن گزر جانے کے بعد رات گئے 3 بجے ڈیرک کو اس پروفائل سے ایک پیغام موصول ہوا، جواب میں ڈیرک نے خاتون کے بارے میں جاننا چاہا تاہم خاتون نے کوئی جواب نہیں دیا اور پھر تقریباً 24 گنٹوں بعد دوبارہ رات گئے اسی پروفائل سے دوبارہ پیغام آیا جس میں لکھا تھا کہ دروازہ کھولو میں باہر کھڑی ہوں، تم نے دوسری بیوی کی تلاش کے لیے ٹنڈر پر آنے میں بہت جلدی کر دی۔
یہ پیغام پڑھتے ہی ڈیرک کے ہوش اُڑ گئے تاہم دروازے پر کوئی نہیں تھا کیونکہ ڈیریک کی اہلیہ کی موت کینسر سے قدرتی طور پر ہوئی تھی۔ پیغام کس نے بھیجا تھا، ڈیرک کو تاحال معلوم نہ ہو سکا۔
ڈیرک کے مطابق کسی نے مذاق کیا ہو گا کیونکہ یہ ہیلو وین کے دن ہیں.