بھارت میں ایک اور ملیالم اداکارہ کی موت کی خبر سامنے آگئی، اداکارہ رنجوشا مینن اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 35 سالہ اداکارہ رنجوشا مینن نے پھندا لگا کر خودکشی کی، اداکارہ کی لاش آج صبح اُن کے فلیٹ میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وہ اس فلیٹ میں اپنے شوہر منوج کے ساتھ رہائش پذیر تھیں جوکہ ایک اداکار بھی ہیں، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اداکارہ اپنی موت کے وقت مالی مسائل کا شکار تھیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ اداکارہ کی لاش کو بعد میں پوسٹ مارٹم کے لیے بھی لے جایا جائے گا۔ اس افسوسناک خبر نے اداکارہ کے مداحوں کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے اور وہ اُن کی سوشل میڈیا پوسٹس پر کمنٹس کرتے ہوئے اپنے دُکھ کا اظہار کررہے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی ایک ملیالم اداکارہ اپرنا نائر نے خودکشی کی تھی، اداکارہ کی لاش ان کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اداکارہ رنجوشا مینن کئی ملیالم ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں میں اپنے معاون کرداروں کے لیے مشہور ہیں، اُنہوں نے ٹی وی سیریل میں آنے سے پہلے ایک ٹی وی شو اینکر کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔